اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں:  قاسم خان سوری

257

کوئٹہ۔یکم نومبر ( اے پی پی ):قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ ایاز صادق کے بیانات شرمناک ہیں۔ قومی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نیشنل انسٹی ٹیویٹ آف منیجمنٹ کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہاکہ بلوچی لباس پہننے سے عوام کی ہمدردیاں حاصل نہیں کی جا سکتی ہیں۔ رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناءاللہ خان زہری ایک قدآور سیاسی شخصیت اور قبائلی سربراہ ہیں، ان کے لئے مسلم لیگ( ن )کو کوئٹہ جلسے میں اسٹیج پر جگہ نہیں دینا افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو گرایا نہیں جا سکتا ہے۔ اپوزیشن کے خواب دیکھنے میں کوئی برائی نہیں ہے ہر دو مہینے بعد بلوچستان میں ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں ہوتی رہتی ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کا فوج کے متعلق بیان شرمناک ہے۔ ریاست مخالف بیان کی وجہ سے عوام ایاز صادق اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے نفرت کرنے لگے ہیںاور محب وطن شہریوں نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور اراکین پارلیمنٹ نے نواز شریف کے بیانات سے لاتعلقی کرنا شروع کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں مگر پاکستان تحریک انصاف اور اسکی اتحادی جماعتیں افواج پاکستان اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔