کوئٹہ، 17 نومبر (اے پی پی ): چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی منظوری کے بعد صوبے سےکرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے قومی احتساب بیورو اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم بلوچستان (سی ایم آئی ٹی) کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔ڈائریکٹر نیب بلوچستان زاہد شیخ اور چیئرمین سی ایم آئی ٹی سجاد بھٹہ نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔
نیب اور سی ایم آئی ٹی کے مابین بدعنوانی کے عفریت کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق رائے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب وزیر اعلی سیکریٹیریٹ میں ہوئی جس میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی اور ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر اور چیئرمین سی ایم آئی ٹی سجاد بھٹہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی یاداشت کے مطابق نیب بلوچستان اور سی ایم آئی ٹی صوبے سے کرپشن کے تدارک کیلئے ملکر کوششیں کریں گے۔ سی ایم آئی ٹی قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان کا سبب بننے والی ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں میں پائی جانے والی بےقاعدگیاں اور غیر قانونی اقدامات نیب کو ریفر کرے گی تاکہ ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات سے زمہ داران کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے۔دونوں اداروں کے فیصلہ ساز حکام کی منظوری سے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی جسکے تحت روزانہ کی بنیاد پر کرپشن کی روک تھام کے سلسلے میں معلومات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ تجاویز بھی شئر کی جائیں گی۔











