بورےوالا؛  چوبیس  جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب،غریب،مستحق اور نادار گھرانوں کی بیٹیاں پیا گھر سدھار گئیں

160

بورےوالا، 24 نومبر(اے پی پی ): سول سوسائٹی نیٹ ورک اور کوثر مجید فاونڈیشن کی طرف سے حسب سابق یتیم ،غریب،نادار اورمستحق گھرانوں کی 24 بیٹیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کورونا وائرس کے پیش نظر دولہا اور دلہن کی طرف سے صرف دس افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔

اس  موقع  پر   گھریلو تنگدستی اور مفلسی کی وجہ سے اپنی بچیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی سکت نہ رکھنے والے والدین اور اپنے جیون ساتھی کے ساتھ رخصت ہونے والی بیٹیوں کے خوشی دیدنی تھی، رش سے بچنے کے لئے مہمانوں کو پارسل کھانا فراہم کردیا گیا ۔

سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ پروگرام سال میں دو مرتبہ منعقد ہوتا ہے جس میں ہر سال 40 سے 45 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروائی جاتی ہیں اور بچیوں کو جہیز میں گھر کا ضروری سامان بھی دیا جاتا ہے اور ہمیں اسطرح کی روایت کو ہر جگہ پر فروغ دینا چاہیئے۔