پشاور، 24نومبر(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے تربیت مکمل کرنے والے جو نیئر کمانڈکورس کے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ تربیت کے دوران حاصل کردہ علم اور تجربے کو عملی میدان میں بروئے کار لاکر لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔
یہ بات انہوں نے آج پاکستان پراونشل سروسز اکیڈیمی پشاور میں چار مہینے کے جونیئر کمانڈ کورس کے چھٹے بیچ کے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈی آئی جی ٹریننگ امتیاز شاہ، اے آئی جی اسٹبلشمنٹ ظہور بابر آفریدی اورپرسنل سٹا ف آفیسر برائے آئی جی پی صمد خان بھی اس موقع پر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں پاکستان پراونشل سروسز اکیڈیمی پشاور پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل حسن محمود یوسفزئی، چیف انسٹرکٹرمحمد تاج حمید اورکیڈیمی کے اعلیٰ حکام نے آئی جی پی کا پُرتپاک استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ چیف انسٹرکٹر محمد تاج حمید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کورس کے اغراض و مقاصد اور اکیڈیمی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ واضح رہے کہ جونیئر کمانڈکورس پولیس فورس میں ڈی ایس پی رینک سے ایس پی رینک میں ترقی پانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والوں کا اصل امتحان اب شروع ہو رہاہے اور ان پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں جا کر حاصل کردہ علوم کو عوام کی بہتر خدمت کے لئے بھر پور طریقے سے استعمال میں لائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ علم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرکے عزت حاصل کے جا سکتی ہے اور شرکاءپر زور دیا کہ وہ ایسی قباحتوں اور چیزوں سے دور رہیں جو ان کی اخلاقی قدروں اور مقدس پیشے پر سوالیہ نشان بنتی ہوں اور تشخیصی نقطہ نظر اپناکر باقاعدہ منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے ساتھ مثبت رویہ اپناکر جرائم کے سدباب کو یقینی بنائیں۔ شرکاءکو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ قدم قدم پر لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں جس سے اُن کو مقررہ پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں خود بخود آسانی پیدا ہو گی۔ اُنہیں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ کورس کے دوران مہارت حاصل کردہ کو فیلڈ میں جاکر فورس کی بہتری کے لئے اپنے ماتحتوں کو سیکھائیں۔اور اُمید ظاہر کی کہ کورس کے دوران حاصل کردہ تربیت اُن کے پیشہ ورانہ کیئریر پر بہتر اور معیاری اثرات مرتب کرے گی۔قبل ازیں شرکاءنے فرداَ فرداَ کورس کی دوران حاصل کردہ تربیت ، تجربے اور علوم کے بارے میں اپنا اپنا نقطہ نظر بیان کیا اور کورس کو اپنے پروفیشنل کئیرئر کے لئے رگوں میں دوڑنے والے خون کے مترادف قرار دیا۔
واضح رہے کہ چار مہینے پر مشتمل جونیئر کمانڈ کورس میں شرکاءکو جدید پولیسنگ سکلز، لیڈرشپ کوالٹی ماڈیولز، منیجمنٹ مہارت، فیصلہ سازی سکلز، سٹریس منیجمنٹ سکلز، تشخیصی نقطہ نظر، مسائل حل کرنے کے نقطہ نظر سے کمپیوٹر جانکاری اور میڈیا منیجمنٹ سے متعلق تربیت دی گئی۔
آئی جی پی نے جونئیر کمانڈ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے پولیس افسران میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔ کورس مکمل کرنے والوں میں عالم زیب، محمد علیم جان، امجد حسین، ارشد محمود، اسد محمود، محمد عتیق شاہ، حمید اللہ، اعجاز احمد، جہانگیر خان، محمد جاوید، کمال حسین، خبیر محمد، ناصر خان، نازیہ نورین، رحیم حسین، رحمت اللہ خان، رشید اقبال، رضا محمد خان، رضوان، محمد سعید خان، صفدر خان، شہزادی نوشاد گیلانی، شکیل احمد، شیر وزیر، وقار احمداور ظفر خان شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل حسن محمود یوسفزئی نے آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کو یادگاری شیلڈ پیش کیا۔











