حکومت  زرعی ترقی  کیلئے  مشینی کاشت اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے  رہی ہے ؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

266

اوکاڑہ،28 نومبر(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سردار ریاض احمد ریاض  نے کہا  ہے کہ   پنجاب حکومت نے صوبہ میں زرعی ترقی  کیلئے  مشینی کاشت اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر نہ صرف زرعی سیکٹر کی ترقی کے لئے اقدامات کئے ہیں بلکہ کسانوں کی معاشی خوشحالی کے لئے بھی جدید طریقہ کاشتکاری ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

ہفتہ کو یہاں  منعقدہ   تقریب  سے  خطاب میں   انہو ں نے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی سردار عثمان بزدار جس انداز سے زرعی سیکٹر کی بہتری کے لئے جو اقدامات کر رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنے ملک کے ساتھ ساتھ پورے خطہ کے لئے بھی زرعی اجناس پیدا کر سکیں گے، کسانوں کو سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولر دینے کی سکیم بھی اسی وژن کا اظہار ہے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں 26 لیزر لینڈ لیو لر بذریعہ شفاف قرعہ اندازی کاشتکاروں کو دیئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ ضلع میں کل 26 لیزر لینڈ لیولر بذریعہ شفاف قرعہ اندازی دیئے جا رہے ہیں ہر لیزر لینڈ لیو لر پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی ہے ۔اس موقع پر قرعہ اندازی کمیٹی نے کاشتکاروں کی موجودگی میں قرعہ اندازی کی اور خوش نصیب کاشتکاروں کے ناموں کا اعلان کیا۔

ڈائر یکٹر واٹر مینجمنٹ ساہیوال ڈویژن ارشاد احمد ،ڈپٹی ڈائر یکٹر واٹر مینجمنٹ سعید اللہ علوی اور ڈی جی واٹر مینجمنٹ کے نمائندہ محمد طاہر بھی  اس  موقع  پر   موجود تھے ۔