اسلام آباد،29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت ملک میں قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایکو ٹورزم کے فروغ کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں پروٹیکٹڈ ایریاز کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کو مقامی جنگلی حیات کے کھلے قدرتی مسکن میں تبدیل کیا جائے گا، کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کے انتظامات کے لئے حکومت نے تمام سہولیات فراہم کی ہیں، یہ اقدام کاون کی بقا اور خوشگوار زندگی کے لئے کیا گیا ہے۔
وہ اتوار کو یہاں سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر سے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا کے قدرتی مسکن میں منتقلی کی مناسبت سے پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے، اسلام آباد اور پورے پاکستان سے مرغزار چڑیا گھر کی سیر کو آنے والے شہریوں کو 37 سال تک تفریح فراہم کرنے والے کاون ہاتھی کی ریٹائرمنٹ ہے اور اسے کمبوڈیا منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کاون کے بچھڑنے پر ہم افسردہ ہیں لیکن اس بات کی خوشی ہے کہ تنہائی کا شکار کاون اب کمبوڈیا کے قدرتی مسکن میں دیگر ہاتھیوں کے ساتھ زندگی بسر کر سکے گا۔
معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا فیصلہ قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔ یہ اقدام ہاتھی کی صحت اور قدرتی مسکن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرغزار چڑیا گھر اسلام آباد کے شہریوں کا اثاثہ ہے، کاون کی منتقلی کے بعد اس چڑیا گھر کی مقامی جانوروں کے ایک کھلے اور محفوظ مسکن میں تبدیلی کے ذریعے انہیں تحفہ دیا جائے گی۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ موجودہ حکومت قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں پروٹیکٹڈ ایریاز کو وسعت دینے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، شمالی علاقوں میں دو بڑے پروٹیکٹڈ ایریاز ہمالیہ نیشنل پارک اور نانگا پربت نیشنل پارک جنگلی حیات کے تحفظ اور ملک میں ایکو ٹورزم کے فروغ کا ذریعہ بنیں گے۔
اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کاون ہاتھی کے ساتھ بچپن کی یادیں وابستہ ہیں، ہمیں افسوس ہے کہ اس کا اس طرح خیال نہیں رکھا جاسکا جیسا رکھا جانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھی کی صحت اور پرسکون زندگی کے لئے قدرتی مسکن میں منتقل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قدرتی ماحول کے تحفظ و فروغ کے لئے مستعدی سے کام کر رہی، اس مقصد کے لیے دس بلین ٹری سونامی اور پروٹیکٹڈ ایریاز جیسے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کاون ہاتھی کی قدرتی مسکن میں منتقلی کی مہم میں حصہ لینے والے تمام شراکت دار اور بالخصوص وزارت موسمیاتی تبدیلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے معاملے کی حساسیت کا ادراک کرتے ہوئے اس ضمن میں درست اقدامات کیے ہیں۔