رعایتی آٹے کی عوام کو بلا تعطل ترسیل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘گرانفروشی‘ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ ناقابل برداشت ہے:  میاں خلیق الرحمان

240

پشاور، 12نومبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے سبسڈائز آٹے میں چوکر مکس کرنے آدم فلور مل کا کوٹہ و لائسنس معطل کردیا جبکہ سبسڈائز آٹے کو ڈیلروں کو فراہم نہ کرنے اور ریکارڈ میں فرق پر عابد فلور مل پر 60 ہزار اور لکی سٹار فلور مل پر 1 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کردیئے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلور ملوں کے دورے کئے اور آٹے کی ترسیل کا جائزہ لینے سمیت معیار کو چیک کیا اور مختلف فلور ملوں سے آٹے کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ارسال کردیئے۔ محکمہ خوراک کے افسران نے آدم فلور مل میں سرکاری آٹے میں چوکر ملانے پر کوٹہ اور لائسنس معطل کردیا جبکہ سبسڈائز آٹے کو ڈیلروں کو فراہم نہ کرنے اور ریکارڈ میں فرق پر عابد فلور مل پر 60 ہزار اور لکی سٹار فلور مل پر 1 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کردیئے۔  وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سبسڈائز آٹے کی عوام کو بلا تعطل ترسیل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جبکہ گرانفروشی‘ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائے اور خلاف قانون کام کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کی خاطر گرانفروشوں‘ ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائیگی کیونکہ صوبائی حکومت نے عہد کیا ہے کہ عوام کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔