پشاور، 12نومبر(اے پی پی): خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے یکہ توت میں کاروائی کرکے 650 کلوگرام سے زائد مضر صحت چائنہ سالٹ برآمد کرکے گودام سیل کردیا۔
ڈائریکٹر آپریشنز عظمت اللہ وزیر کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز طلعت فہد اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے گودام پر چھاپا مارا۔
کاروائی کے بارے ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان نے میڈیا کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں چائنہ سالٹ کی خریدوفروخت پر مکمل پابندی عائد ہے اسلئے صوبے میں چائنہ سالٹ کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔
سہیل خان نے مزید کہا کہ چائنہ سالٹ سے صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف میگا اپریشنز کا سلسلہ بھی جاری رہیگا۔











