لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صعنت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے،ذمین میں چھپے خزانوں کو استعمال میں لاکر کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیر زمین معدنیات کے درست تخمینہ لگانے اور ریسورس میپنگ کی ضرورت ہے،محکمہ معدنیات کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرنا ہوگا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں محکمہ معدنیات کی کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے،زیر زمین معدنیات کے تخمینے و تلاش، سائٹس کی لیز کے امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اسلم اقبال نے کہا کہ دستیاب معدنیات کے ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنائی جائے گی، ذخائر کی تلاش اور انہیں استعمال میں لانے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات مرتب کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات اپنا ریونیو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کرے،کمزور طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور ریلف کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ غریب آدمی کو اپنی چھت کی سہولت دینے کے لئے سیمنٹ، اینٹ، بجری اور ریت کی قیمتوں پر نظر رکھنا ہوگی،غریب کا استحصال کرنے والے ہر مافیا کو ناکام بنانا ہے۔
سیکرٹری معدنیات، ڈائریکٹر جنرل، وزیر اعلیٰ انسپیکشن ٹیم کے اراکین، ماہرین اور متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔