سکھر:پی ٹی آئی کے زیر اہتمام افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد 

255

سکھر۔06نومبر(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے زیر اہتمام افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کارکنان کی کثیر تعداد نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ جتوئی ہاؤس ملٹری روڈ سکھر سے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی ، شرکاءریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی ، پارٹی پرچم سمیت افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، پاکستان زندہ باد ریلی کی قیادت پی ٹی آئی نادرن سندھ سکھرریجن کے جنرل سیکریٹری مبین خان جتوئی ،سردار زادہ پپو خان چاچڑ ،ضلع سکھر کے صدر منور حسین چوہان ، یوتھ ونگ سکھر کے عبدالعزیز ابڑو ، لیڈیز ونگ کی میڈم صفیہ بلوچ، سراج کھوسہ،خیرپور کے دلشاد صباءبلقیس بھٹی ،کاشف قاضی و دیگر رہنما کررہے تھے ۔

پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے زیر اہتمام افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے نکالی جانیوالی پاکستان زندہ باد ریلی شہر کے مختلف مقامات سے گذرتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچ کر ایک بہت بڑے جلوس کی شکل اختیار کر گئی ۔

شرکاءریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی نادرن سندھ سکھرریجن کے جنرل سیکریٹری مبین خان جتوئی و دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ کچھ ملک دشمن عناصر سندھ کی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے ٹائیگرز ملک دشمن عناصر سے جہاد کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان ہمارے آبا و اجداد کی قربانیوں سے آزاد ہوا جس میں اب ہم پاک فوج کی جوانمردی کے باعث کھلی فضا میں آزادی کے ساتھ سانس لے رہے ہیں۔ کچھ عناصر ہمارے دشمنوں کے ایجنڈے پر اس ملک کو کمزور کرنے کیلئے پاک فوج کے خلاف من گھڑت بیان بازی کر رہے ہیں جو کہ آئین پاکستان کے ساتھ غداری ہے۔

مبین خان جتوئی و دیگر کا کہنا تھا کہ آج اس ریلی میں ہزاروں محب وطن شہری موجود ہیں، سب کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہے عمران خان زندہ آباد،پاک فوج زندہ باد ، پاکستان پائندہ آباد،انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پی پی سندھ میں سندھ کارڈ کھیل کر نفرتیں پھیلانا چاہتی ہے۔سندھ کی باشعور عوام نے پی پی کو مسترد کر دیا ہے ، ملک کی باشعور عوام ملک کے ان غداروں کوپہچانے، انہوں نے کہا کہ سندھ کا ہر شہری پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے ، ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے افواج پاکستان سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کی قربانیاں شامل ۔