پاراچنار ، 18نومبر (اے پی پی ):صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع میں سیاحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ، ضلع کرم کے خرلاچی بارڈر کو تجارت کیلئے مزید فعال بنانے کے عمل پر کام جاری ہے ۔
ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضلع کرم سمیت ضم شدہ اضلاع مختلف مسائل کا شکار ہیں، جن کے حل کیلئے ہر شعبے کیجانب سے اقدامات کی جارہی ہیں۔
افغانستان کیساتھ تجارتی عمل کو مزید فعال بنانے کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا اس حوالے سے مختلف اقدامات جاری ہیں جس سے تجارت بڑھانے کے ساتھ وسطی اشیاء تک رسائی بھی حاصل ہوگی ۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار میں آکسیجن پلانٹ لگانے اور سٹاف کی کمی سمیت مختلف مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائنگے اور ضلع کرم میں بجلی کے لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جاینگے ۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ تعلیم صحت لائیو سٹاک ڈیری اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں مسائل تیزی سے حل کئے جارہے ہیں ۔
صحافیوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع کرم سمیت ضم اضلاع میں گیس کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ عوام کو سہولت کے ساتھ ساتھ جنگلات کی کٹائی نہ ہو اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے اور دس سال تک قبائلی اضلاع کو سالانہ ایک ارب روپے خصوصی ترقیاتی پیکج دئیے جائیں گے جس سے قبائلی اضلاع کی پسماندگی دور ہوجائے گی۔











