لاہور، 18نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر میربہروزریکی بلوچ کی قیادت میں چاروں صوبوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن نے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
میر بہروز ریکی نے کہا کہ آپ جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں گزشتہ برس بھی آپ نے ہمارے مسائل سنے اورانہیں حل کیا،کان کنی سے متعلقہ مسائل حل ہونے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کوئلے کی کانوں کی لیز پر پابندی اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔پنجاب کابینہ نے کانوں کی لیز میں تجدید پر بھی پابندی ختم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے ساتھ متبادل آپشنز کا بھی جائزہ لیا جائے گا،ماحول دوست ٹیکنالوجی کو صوبے میں فروغ دیں گے۔
ا وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سیکرٹری مائنز اورسیکرٹری ماحولیات اینٹوں کے بھٹوں کیلئے متبادل ٹیکنالوجی کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں۔پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے، صوبے کے معدنیات کے شعبہ میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے زمین میں چھپے خزانے بروئے کار لا نا وقت کی ضرورت ہے،سموگ اور آلودگی کا مسئلہ بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سموگ اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں،مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری مائنز،سیکرٹری ماحولیات،ڈی جی مائنز اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











