ملتان؛ کمشنر جاوید اختر محمود  کا   شہر کی   خوبصورتی بارے ہنگامی اقدامات کرنے کا حکم

337

ملتان، 21 نومبر (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے شہر کی   خوبصورتی بارے ہنگامی اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن،ایم ڈی اے، پی ایچ اے کو وال چاکنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ شہر سے تمام وال چاکنگ کو جنگی بنیادوں پر ختم کیا جائے۔ وال چاکنگ،تجاوزات نے شہر کا حسن گہنا کر رکھ دیا ہے، وال چاکنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

علاوہ ازیں کمشنر ملتان و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن جاوید اختر محمود کی ہدایت پر انسدادِ تجاوزات آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔انسداد تجاوزات ٹیم نے میونسپل افسر ملک اشفاق کی قیادت میں حضوری باغ پر کارروائی کرتے ہوئے پختہ تعمیرات مسمار کر دیں اور 2 ٹرک سامان قبضے میں لے لیا۔اس دوران میٹروپولیٹن انسداد تجاوزات ٹیم پر تجاوزات مافیا نے حملہ بھی کیا۔کار سرکار میں مداخلت کرنے والے افراد پر مقدمہ درج کروادیا گیا۔اس بارے بات کرتے ہوئے ملک اشفاق نے بتایا کہ کمشنر ملتان نے تجاوزات مافیا کی سرکوبی کا ٹاسک دیا ہے۔ کسی کو کار سرکار میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے۔