ملکہء کوہسار مری میں موسم سرما کے  دوران سیاحوں کی سہولت   کیلئے ٹریفک پلان جاری

212

مری ،22 نومبر (اے پی پی ):ملکہء کوہسار مری میں موسم سرما (برف باری کے سیزن )کے  دوران سخت ترین حالات ومشکلات سے نمٹنےاور ملک بھر سے آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی سہولت کے لئے  ٹریفک پلان جاری کردیا گیا  ہے ، اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی اجلاس جناح ہال مری میں منعقد ہوا،اجلاس میں انتظامیہ، پولیس و ٹریفک پولیس ،محکمہ ہائی وے کے افسران اور میڈیا پرسن ودیگر نے شرکت کی۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مری میں ٹریفک کے نظام اور رش کو کنٹرول کرنے کے لئے 300سو سے زائد وارڈنز دو ڈی ایس پیز اور چھ انسپکٹرز کی اضافی ڈیوٹیاں لگا دی جائیں گی،  برف باری کے دوران ٹریفک میں خلل ڈالنے کے باعث مری میں ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ سڑکوں سے فوری طور پر برف کو ہٹانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئےمحکمہ ہائی وے کی سنو ہاییک کرین و دیگر مشینری کو بھی الرٹ رکھا جائے گا جبکہ برف باری کے دوران ہی مری شہر میں داخل  ہونے والی گاڑیوں کی سہولت کے لئے پانچ روڈز کو ون وے قرار دیا گیا ہے اور صرف مقررہ جگہوں پر گاڑیاں پارک کی جا سکیں گی۔

اس موقع  پر  فیصلہ  کیا   گیا  کہ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی سہولت و رہنمائی کے لئے پمفلٹ و بینرز کے ذریعے سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے لئے ہدایات جاری کی جائیں گی، برف باری کے دوران ٹریفک مسائل  اور  دیگرشکایات کے لئے سنی بنک کے مقام پر کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، سیاح و شہری ہر وقت فون نمبر 051-9269200 پر رابطہ کر سکتے  ہیں ۔