پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا اردن کی بندرگاہ عقبہ کا دورہ

338

اسلام آباد،22 نومبر(اے پی پی ):پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے   اردن کی بندرگاہ عقبہ کا دورہ کیا ،عقبہ آمد پر میزبان بحریہ کے حکام نے پاکستانی جہاز کا استقبال کیا، پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر نے میزبان حکام سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  کمانڈنگ آفیسر نے امیرالبحر کی جانب سے اردن کے عوام اور بحریہ  کیلئے  خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا جبکہ   اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار سے بھی اردن کے حکام کو آگاہ کیا گیا۔

اردن کی رائل نیول فورس کے کمانڈر نے بھی  پی این ایس ذوالفقار کا دورہ کیا، پی این ایس ذوالفقار آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دورےکے آخر میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نےمشترکہ مشق میں  بھی حصہ لیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔