لاہور، 10نومبر(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، مہنگائی کے خاتمے کے لیے حکومتی ادارے بھر پورکام کر رہے ہیں۔ ملکی معاشی ترقی کو عالمی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے منگل کو یہاں پارٹی وفود سے ملاقات کو دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا حکومت کے خاتمے کا خواب بس خواب ہی رہے گا ۔سیاسی مخالفین ملکی ترقی کو بریک لگانے کیلئے انتشار پیدا کر نا چاہتے ہیں جبکہ حکومت کر پشن کیخلاف اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ سمیت تمام اتحادی اور عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔الیکشن ضرور ہوں گے مگر 2023سے پہلے کسی صورت نہیں۔ کر پشن کا خاتمہ ،بلاتفر یق شفاف احتساب ملک وقوم کیلئے لازم ہے۔عوام حکومت مخالف کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے ۔
چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے جبکہ دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر نا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ معاشی اشاریے مثبت ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بن رہا ہے۔











