میٹروپولیٹن کارپوریشن قبضہ مافیا کے خلاف سخت   کارروائی کرے: کمشنر جاوید اختر محمود

215

ملتان،13نومبر(اے پی پی ): کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ شہر کی بہتری بارے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرے شہرمیں تجاوزات، وال چاکنگ، غیر فعال سٹریٹ لائٹس،غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور مذبحہ خانے میونسپل کارپوریشن کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، افسران و اہلکاران اپنا قبلہ درست کریں۔

 ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن جاوید اختر محمود نے کارپوریشن کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں تبدیل کی جائیں، تبدیلی کا مقصد ادارے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے، ناقص کارکردگی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔

 انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ نااہلی اور بددیانتی برداشت نہیں کروں گا، تمام سرکاری ملازمین عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ادارے درست کام کریں تو مسائل فوری حل ہوجاتے ہیں بلکہ  عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر افسر و اہلکار کی کارکردگی چیک ہوگی جبکہ ہر افسر اپنی برانچ کی کارکردگی کا خود ذمہ دار ہوگا۔

 کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے بلڈنگ انسپکٹرز کے علاقے تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیاں بلڈنگ انسپکٹرز کی نالائقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ایک اہم ادارہ ہے، کام چور لوگوں کی اس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ذاتی مفاد کے لئے کام کرنے والے اس کو آخری تنبیہ سمجھیں۔

 کمشنر نے کہاکہ کارپوریشن ریونیو کے معاملات اور اہداف بہتر بنائے۔ ٹھیکیداروں کی کسی بھی طرح کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کریں گے، عوام کے پیسے کی پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی، کسی کو بھی غیر قانونی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی اور میونسپل افسران بھی موجود تھے۔