وزیراعظم عمران خان سے معروف  امریکی گلوکارہ شیئیر  کی ملاقات

168

اسلام آباد،27نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے معروف  امریکی گلوکارہ شیئیر نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں کاون ہاتھی کی ریٹائرمنٹ اور اسے ہاتھیوں کے قدرتی مسکن منتقل کرنے کے حوالے سے مہم میں گلوکارہ شیئیر کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے انہیں جنگلی حیات کے لئے محفوظ علاقوں کو توسیع دینے کے حکومتی پروگرام میں بھی حصہ لینے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد اور پورے ملک کے لوگوں کے لیے تقریباً 35 سال تفریح کا ذریعہ بننے کے بعد کاون اب کمبوڈیا کے قدرتی مسکن میں دیگر ہاتھیوں کے ساتھ زندگی بسر کر سکے گا جو خوش آئند ہے۔

 اس موقع پر امریکی گلوکارہ شیئیر نے پاکستان کو صاف و سرسبز ملک بنانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دس بلین ٹری سونامی اور محفوظ علاقوں کے فروغ کے منصوبے قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے انتہائی مفید اور قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تنظیم کی جانب سےان سر سبز منصوبوں کیلئے حمایت اور تعاون کی پیشکش کی۔