وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس

291

اسلام آباد۔5نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ایسوسی ا یشن آف بلڈرز و ڈیویلپرز (آباد) نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سندھ میں 74 منصوبوں کی منظوری مل چکی ہے جن کی کل لاگت 28 ارب روپے ہے۔ ان منصوبوں کے آغاز سے 55 ارب روپے کی متعلقہ معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اجلاس کو آگاہ کیا گیاکہ ستمبر 2019 سے ستمبر 2020 کے عرصے میں سیمنٹ کی فروخت میں 17فیصد اور سٹیل کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ آباد نے تعمیرات کے لئے منظوری کے عمل کو مزید آسان بنانے کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو سراہا اور اس ضمن میں تجاویز بھی پیش کیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیاکہ پنجاب میں جولائی 2020 سے اب تک 4714 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ صوبہ پنجاب میں اکتوبر 2020 کے مہینے میں تاریخی 5.73 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ نجی بینکوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اپنے ملازمین کی ٹریننگ کرانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ قرضہ لینے والے افراد کو سہولت ہو۔ اس ضمن میں سٹیٹ بینک سہولیات کی فراہمی کے معیار کا جائزہ لیتا رہے گا۔وزیر اعظم نے زور دیا کہ منصوبوں کی منظوری کے عمل کو مزید سہل بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولت ملے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جن اداروں کی طرف سے منظوری کے عمل میں بے جا تاخیر کی شکایت سامنے آئے ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ آباد کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز پر وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں اور اگلے ہفتے تک پیش رفت رپورٹ طلب کی۔