وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشیکی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات

351

اسلام آباد ، 27 نومبر (اے پی پی ):  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نائجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات ،خطے میں امن و امان کی صورتحال، کرونا عالمی وبائی چیلنج اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار کے حوالے سے بھی  تبادلہ ء خیال ہوا ۔

ترجمان  دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جی 20 سمٹ کے کامیاب انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا  اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کی اصولی اور مستقل حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے واضح کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ۔

سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

 دونوں وزرائے خارجہ کا توانائی سمیت مختلف اقتصادی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک کے مابین اس حوالے سے جلد وفود کا تبادلہ ہو گا۔