پاراچنار؛ ہلال احمر پاکستان کی جانب سے چار سو افراد میں کرونا کٹس تقسیم

121

پاراچنار،12نومبر(اے پی پی): سپورٹس کمپلیکس پاراچنار میں اسسٹنٹ کمشنر اپر کرم زاہد یونس نے ضرورت مند شہریوں میں کورونا کٹس تقسیم کئے  جس میں صابن، تولیہ، ٹوتھ پیسٹ ، ریزر اور دیگر ضروری سامان شامل ہیں۔

 اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہلال احمر پاکستان کے ڈسٹرکٹ سیکرٹری محمد غلام بنگش اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر ذیشان حیدر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اپر کرم میں ضرورت مند شہریوں میں چار سو کٹس تقسیم کئے گئے ہیں اور دوسرے مرحلے میں لوئر اور سنٹرل کرم میں بھی کورونا کٹس تقسیم کئے جائیں گے۔

 ڈسٹرکٹ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جب سے کورونا وائرس کا مسئلہ پیدا ہوا ہے ہلال احمر کی جانب سے شہریوں کی مختلف طریقوں سے مدد کی جارہی ہے اور شہریوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  کورونا کٹس کی تقسیم کا مقصد غریبوں کی امداد کیساتھ ساتھ انہیں کورونا سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بھی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کی جانب سے اس قسم اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔