لاہور، 12 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر نے پنجاب پولیس آرڈر 2002ء کے تحت مختلف کمیٹیوں، اتھارٹیز، اداروں اور کمشنز کے قیام کے امور کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب نے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا نئے بلدیاتی نظام میں ضلع و یونین کونسل کے خاتمے سمیت کئی قانونی و انتظامی تبدیلیاں آئی ہیں، اس تناظر میں پولیس آرڈر 2002ء کے نفاذ کو موثر بنانے کے لیے آئینی ترامیم لانا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ چاہتے ہیں کہ پولیس سمیت تمام محکموں کے قانونی سقم دور کرکے گڈ گورننس میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس موجودہ قوانین کا جائزہ لے کر مستقبل کے تقاضوں کے مطابق آئینی ترامیم پیش کریں، ان ترامیم کی روشنی میں محکمہ پولیس میں موجود خامیوں اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ،آئی جی پولیس پنجاب، سیکریٹری سروسز، ڈائریکٹر لاء اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔











