پانچویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا دوسرا مرحلہ مکمل،52 گاڑیوں  نے  حصہ لیا

261

مظفرگڑھ،21نومبر(اے پی پی ):پانچویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جس میں سٹوک کیٹگری اور خواتین کی گاڑیوں کے مقابلے ہوئے،سٹوک کیٹگری میں 49گاڑیوں نے جبکہ خواتین کی 3گاڑیوں نے حصہ لیا۔ دوسرے مرحلے کا افتتاح چیئرمین ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب ڈاکٹر سہیل چیمہ نے کیا، اس موقع پرصوبائی مشیر زراعت عبدا لحئی خان دستی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی شیخ تنویر جبار،اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادوڈاکٹر فیاض احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چیئرمین ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر سہیل چیمہ نے کہا کہ پنجاب بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی جیسے پروگرام منعقد کرائے جارہے ہیں، کورونا کے باعث پانچویں جیپ ریلی کو محدود کیا گیا ہے تاکہ اس کے تسلسل کو قائم رکھا جائے، اس مرتبہ ٹریک کا فاصلہ بھی کم کر کے 105کلو میٹر رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی سے ملحقہ اضلاع کی عوام کو ایک صحت مند تفریحی میسر ہورہی ہے، آئندہ سالوں میں اس کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔

 صوبائی مشیر برائے زراعت عبدالحئی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کی روشنی میں پنجاب بھر میں سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے، تھل جیپ ریلی جیسے مختلف تفریح پروگرامز کا انعقاد اس خطے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اور ایسے پروگرامز تسلسل سے جاری رہیں گے، جس سے نہ صرف عوام کو صحت مند تفریحی میسر آئے گی بلکہ سیاحت اور مقامی ثقافت کو بھی فروغ ملے گا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس نے کہا کہ جیپ ریلی کو کامیاب بنانے اور دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عمل کیا جارہا ہے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

 صوبائی مشیر برائے زراعت عبدالحئی خان دستی نے سٹوک کیٹگری کے کوالیفائیڈراونڈ کے ونرتنویر خواجہ کو ٹریک پر روانہ کرتے ہوئے ریس کا آغاز کرایا، بعد ازاں یکے بعد دیگر 5منٹ کے وقفے سے گاڑیوں کو ٹریک پر روانہ کیا گیا، خواتین کیٹگری میں سلمیٰ خان،رتشنہ پٹیل اور رخشندہ ریس کا حصہ تھیں۔سٹوک کیٹگری اور خواتین کی گاڑیوں کا یہ مقابلہ لیہ کی تحصیل چوبارہ میں اختتام پذیر ہوا،نتائج کا اعلان 22نومبر کو فیصل سٹیڈیم میں ایک تقریب میں کیا جائے گا۔