میرپورخاص؛ کوروناوائرس ایس اوپیز  کیخلاف  ورزی  پر مختلف   دوکانداروں  کو   پینتالیس   ہزار روپے کے  جرمانے

248

میرپورخاص،21نومبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سلامت میمن نے اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ حسین بخش مری محمدخان کھٹی اورڈی ایس پی سٹی عثمان لغاری کے ہمراہ کوروناوائرس ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے اورپٹرولیم مصنوعات کی پیمائش چیک کرنے کے کیلئے شہر کے مختلف پٹرول پمپوں اوردکانوں کا اچانک معائنہ کیا۔

معائنہ کے دوران ماسک نہ پہننے پر مختلف   دوکانداروں  کو   پینتالیس   ہزار روپے جرمانہ  کیا  گیا   جبکہ پیمائش میں کم پٹرول فروخت کرنے پر ایک   پٹرول پمپ  کو سیل کردیا گیا ۔

معائنے کے دوران انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ خود ماسک پہنیں اور خریداروں کو بھی ماسک پہننے کا پابند بنائیں، بغیر ماسک خریداروں کو اشیا ء نہ دیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

معائنے کے دوران صحافیوں کے سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ کورونا کی دوسری لہرتیزی سے پھیل رہی ہے اب تک 47 کیس ہوچکے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی ہرممکن کوشش ہے کہ عوام کو کوروناوائرس سے بچایاجائے اس لئے میں اچانک دورے کررہا ہوں۔