پاکستان ایک مہذب ملک ہے ، قوم کو جس نئے پاکستان کی نوید سنائی تھی اب وہ بنتا نظر آ رہا ہے :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

216

لاہور،17نومبر (اے پی پی ):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مہذب ملک ہے ، قوم کو جس نئے پاکستان کی نوید سنائی تھی اب وہ بنتا نظر آ رہا ہے ، ہر چیز مغرب سے سیکھنے کی ضرورت نہیں ،اسلام میں زندگی کے تمام سنہری اصول موجود ہیں، تمام طالب علم مبارکباد کے مستحق ہیں ، آپ نے جو ڈیزائننگ کا ہنر سیکھا اس کی مانگ دنیا بھر میں ہے، اس ادارے کا مقصد پاکستان کی چیزوں کو ویلیو ایڈیشن کرانا ہے، کسی چیز کو خوبصورت رنگ میں ڈھالنا ، آئیڈیاز دینا اور اچھے طریقے سے فروخت کرنا یہی ہنر ہے،کوویڈ۔19 میں دنیا سمجھتی تھی کہ پاکستان میں اس بیماری کا پھیلاﺅ بہت زیادہ ہو گا،اللہ کا شکر ہے کہ پاکستانی عوام نے احتیاطی تدابیر اور حکومتی حکمت عملی کی بدولت اس بیماری پر بہت حد تک قابو پا لیا۔

وہ منگل کے روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم وجیہہ اکرم ، وائس چانسلر پروفیسر حنا طیبہ ، نیئر علی دادا، فیکلٹی ممبران ، اساتذہ ، ڈیزائنرز اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بطور چانسلر قابل فخر طلبا میں بات کرنا اور انہیں میڈل دے کر مجھے دلی خوشی ہو رہی ہے، انسان اپنی تخلیق اور آئیڈیاز سے دوسروں کو متاثر کرنے کی کوشش کرتا ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے طالبعلموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر ماں ،باپ ،معاشرے اور حکومت پاکستان کی انویسٹمنٹ ہو رہی ہے تاکہ آپ ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی چیز کو فروخت کرنے کیلئے آئیڈیاز کی ضرورت ہوتی ہے جو دوسروں کو متاثر کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی بڑے مخیر اور مہذب ہیں جس کا دنیا کو بہت کم علم ہے، کوویڈ۔19 میں دنیا سمجھتی تھی کہ پاکستان میں اس بیماری کا پھیلاﺅ بہت زیادہ ہو گا کیونکہ یہ لوگ احتیاط نہیں کرتے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ پاکستانیوں نے احتیاطی تدابیر اور حکومتی حکمت عملی کی بدولت اس بیماری پر بہت حد تک قابو پا لیا۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر حنا طیبہ نے ادارے کے بارے میں بتایا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن وفاقی حکومت کا ایسا چارٹرڈ ادارہ ہے جہاں خصوصی طور پر ڈیزائن کی تعلیم دی جاتی ہے۔