پاکستان ریلوے نے کوہاٹ ریل کار اور لاہور ریل کار سبک خرام بحال کردی،  شیخ رشید احمد نے   افتتاح  کر دیا

170

راولپنڈی،30نومبر  (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے کورونا  وائرس کی وبا کے باعث بند کی گئی دوٹرینیں کوہاٹ ریل کار اور لاہور ریل کار سبک خرام بحال کردی ،ٹرینوں کی بحالی کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پیر کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر کیا, کوہاٹ ریل کا ر 9بوگیوں کے ساتھ 850مسافروں کی گنجائش رکھتی ہے اور راولپنڈی سے کوہاٹ تک کا کرایہ 230روپے ہے ۔کوہاٹ ریل کار کے سفر کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے ہوگا ،کوہاٹ ایکسپریس کوہاٹ سے صبح ساڑھے سات بجے روانہ ہوگی جبکہ راولپنڈی سے واپسی دن کے ساڑھے تین بجے ہو گی ،راستے میں گولڑہ شریف ،ترنول ،فتح جنگ ، بسال شریف ، بسال دومیل ، جنڈ اور بابری بانڈہ میں سٹاپ دیا گیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ریل کار سب خرام شام ساڑھے چار بجے بیک وقت لاہور اور راولپنڈی سے روانہ ہوگی اور ساڑھے نو بجے اپنی منزل مقصود پر پہنچے گی ،لاہور ریل کار میں 690مسافرسفر کرسکیں گے ،یہ ٹرین چکلالہ ،گوجر خان ، جہلم ، لالہ موسیٰ ،گجرات ،وزیر آباد اور گوجرانوالہ میں سٹاپ کرے گی ،ٹرین بحالی کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل در آ مد کیاجائے گا اور بغیر ماسک سفر کی اجازت نہیں ہو گی ۔

وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ اللہ نہ کرے عمران خان مائنس ہوں وہ پانچ سال پورے کریں گے، مولانا فضل الرحمن حکومتی رٹ کو لاٹھی کہتے ہیں ، یہ لاٹھی نہیں قانون کی کی عمل داری اور کورونا سے بچانے کا اہتمام ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلاول کو پشاور سے کورونا ہوا، شہباز شریف نے ڈائیلاگ کی بات کی ڈائیلاگ ہونے چاہئیں ، فضل الرحمن  سے کہتا  ہوں بند  گلی یں مت جائیں،مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ  آٹے ،چینی کی قیمت نیچے آئی ہے، قیمتیں مزید کم ہوں گی ،کرشنگ کا سیزن بھی شروع ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں خطہ کی صورتحال پر میٹنگ ہوئی، ہماری انکھیں کھلی ہیں ،  پاکستان کو سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں،ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش ایک  سازش ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جس کابینہ  میں شیخ رشید ہو وہاں اسرائیل تسلیم نہیں ہو سکتا۔پاکستان کے لوگوں نے عمران کو ووٹ دیا،مہنگائی کی وجہ ملک میں ماضی میں کی گئی لوٹ مار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کون وزیر اعظم چاہتا ہے کہ ملک میں مہنگائی ہو۔ لئی ایکسپریس پر وزیر اعظم بھی میٹنگ کر چکے،میں یہ منصوبہ مکمل کرکے سیاست سے ریٹائر ہونا چاہتا ہوں، لئی ایکسپریس اور ایم ایل ون پر سولہ سال قبل دستخط کئے،دونوں منصوبوں کو مکمل کریں گے۔