پشاور، 26نومبر(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں200 یتیم بچوں کی کفالت کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ آغوش الخدمت ھوم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا جس کی تعمیر پر 12کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔
آغوش الخدمت ھوم ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر عبدالعزیز نیازی کے خاندان نے گومل یونیورسٹی سے متصل 10کنال قطعہ اراضی عطیہ کی ھے۔آغوش الخدمت ھوم ڈیرہ اسماعیل خان کا سنگ بنیاد رکھنے کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کی اس موقع پرالخدمت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر میاں عبدالشکور اور صوبائی صدر خالدوقاص نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن وطن عزیز پاکستان میں یتیم بچوں کی کفالت کا سب سے بڑا ادارہ ھے جو ملک بھر میں 13600سے زائد یتیموں کی کفالت کررہاہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت رنگ، نسل، زبان، علاقائی تعصب اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ھے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے تھرپارکر جیسے علاقے میں بھی پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت حالیہ کورونا وباء کے دوران گرانقدر خدمات سر انحام دیئے ہیں۔الخدمت کی خدمات کی ملک اور بیرون ملک تحسین اس بات کی دلیل ھے کہ الخدمت کی خدمات بلاامتیاز ہیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی میاں عبدالشکور نے تختی کی نقاب کشائی کرکے آغوش الخدمت ھوم ڈیرہ اسماعیل خان کا سنگ بنیاد رکھا۔
تقریب میں ایڈیشنل کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان فضل القادر خان، الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی نائب صدر انجینئر احسان اللہ مروت،جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا تسلیم اقبال،قرطبہ یونیوسٹی کے چیرمین ڈاکٹر اظہرخان نیازی،ڈاکٹر ذوالفقار نیازی،مسلم ایجوکیشن سسٹم کےڈائریکٹر ڈاکٹر الیاس فاروقی،دارارقم سکولز سسٹم کے ڈاکٹر ضیغم مغیرہ،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا سلیم اللہ ارشد، الخدمت کے ضلعی صدرمنظر مسعود خٹک،محمد عامرخان ایڈوکیٹ،الخدمت کے صوبائی ترجمان نورالواحدجدون اور منیجر آرفن کیئر پروگرام محمد نعمان سمیت معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔