انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی سے ڈاکٹر شعیب سڈل کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

94

پشاور، 26نومبر(اے پی پی): سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں تمام اقلیتوں کے حقوق اور ان کے مذہبی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقلیتوں کے حقوق کے کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے آج انسپکٹر  جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔  وفد میں اقلیتوں کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار اور سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹر ثاقب جیلانی بھی شامل تھے۔

بعد ازاں وفد کے ارکان کو منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس میں ریجنل پولیس افسروں نے اقلیتوں کے حقوق اور ان کی مذہبی عبادت گاہوں  کی سیکیورٹی کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ ریجنل پولیس افسروں نے اپنے اپنے ریجنوں میں اقلتیوں کی عبادت گاہوں، ان کی سیکیورٹی اور مختلف ناخوشگوار واقعات اور پولیس کی جانب سے اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت اور بروقت اور موثر کاروائیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل نے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے کی گئی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ آئین میں اقلیتوں کو حاصل حقوق پر عمل درآمد سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے ہر قیمت پر نبردآزما ہوں تاکہ عالمی عالمی سطح پر ملک کی عزت اور وقار میں مزید اضافہ ہو۔ ڈاکٹر شعیب سڈل نے خیبر پختونخوا پولیس میں اقلیتوں کے لیے مقررہ پانچ فیصد کوٹے پر میرٹ اور اہلیت پر اقلیتی اُمیدواروں کو بھرتی کرنے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت برابر مذہبی، سیاسی اور سماجی آزادی حاصل ہے اور کہا کہ ان کے حقوق کا تحفظ کیاجارہا ہے ۔ انھوں  نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیے تمام اقلیتوں کو سازگار اور پرامن ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔

وفد کے ارکان نے پولیس سربراہ اور اعلیٰ پولیس حکام کے بھر پور تعاون اور اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں قریبی رابطہ رکھنے کا اعادہ کیا۔