لاہور، 11نومبر (اے پی پی): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ وہ ملک ترقی کرتا ہے جو اقتصادی طور پر مضبوط ہو ، پوری کوشش کریں گے اب ہم جو بھی پالیسی بنائیں باقی حکومتیں بھی اس کو اسی طرح قبول کریں۔
ان خیالات کا اظہار ا ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے لاہور چیمبر اف کامرس کے دورہ کے موقع پر کیا ۔
انھوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت تباہ ہوئی ہے، تاجروں کو سلام پیش کرتا ہوں جو اس وباء میں عوام میں گئے اور ان کی مدد کی۔انہوں نے کہا کہ اس وباء میں حکومت کی جانب سے 12، 12 ہزار روپے غریبوں کو دیے گئے اور ان پیسوں میں ایک فیصد بھی سیاست نہیں تھی تمام کام میرٹ پر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جون سے اب تک حکومت نے ایک روپیہ بھی قرض نہیں لیا،پہلے ہنڈی کے ذریعے پیسہ آتا تھا، اب باقاعدہ بینکنگ چینل کے ذریعے آرہا ہے۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ افغانیوں کے لئے ویزا پالیسی آسان کر رہے ہیں، ہماری پوری کوشش ہوگی افغانستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات بنائیں۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ سستی بجلی ایک تاجر دوست اور صنعت دوست پیکیج ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا کے فیز میں ہماری انڈسٹری چلتی رہی اور ملک خود کفیل ہونے کی طرف گیا،حکومت کی پوری کوشش ہے رامیٹریل پر ٹیکس کم سے کم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری امپورٹ کم ہیں اور ایکسپورٹ زیادہ ہو رہی ہیں،اس وقت جہاں ملک کھڑا ہے بہتری کے سگنل آرہے ہیں۔
قاسم خان سوری نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں کرونا کی وجہ سے مہنگائی ہوئی، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں غریب کو ریلیف دیں۔











