چنیوٹ، 11 نومبر ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ ضلع چنیوٹ میں 30 نومبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی خصوصی مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہیں ۔اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تاکہ گذشتہ کمزوریوں و خامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ،ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل نے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسدادپولیو کی خصوصی مہم 30 نومبر سے 4 دسمبر تک جاری رہے گی ۔ اس سلسلے میں ضلع چنیوٹ میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ39 ہزار 748 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 768 ٹی میں ڈیوٹی انجام دیں گی ۔ اس ضمن میں تمام ترضروری انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے،اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز غزالہ کنول ، اقراء مصطفی، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مس فرخ رضوان، ڈی ای او سیکنڈری ڈاکٹر خادم حسین سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ہدایت کی کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہذا متعلقہ سٹاف کی جدید خطوط پر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ والدین کی آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذراءع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری قائم رہے ، انہوں نے مزید کہا کہ تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل ہونے چاہیں اس سلسلے میں معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے ، اس موقع پر ڈی ایچ او نے بتایا کہ مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
علی/فاروق











