ڈیرہ مراد جمالی  میں  ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سستا بازار کا انعقاد

223

ڈیرہ مراد جمالی، 22نومبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ نصیرآباد کی جانب سے کمشنر عابدسلیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر  حافظ محمدقاسم کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر ڈیرہ مرادجمالی کی تحصیل روڈ پر سستا بازار کا انعقاد کیاگیا جس میں سبزی، گوشت، فروٹ،دالیں،سمیت تمام خوردونوش کے اشیاء کے اسٹال لگائے گئے تھے، یوٹیلیٹی اسٹور کی جانب سے بھی ایک اسٹاک لگایا گیاتھاجہاں پر سستے نرخوں پر آٹا خریدنے والوں کی لائنیں لگی رہیں۔

 ڈپٹی کمشنر حافظ محمدقاسم کاکڑ نے   اسسٹنٹ کمشنر حدیبہ جمالی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی آزاد خان جمالی کے ہمراہ سستا بازار کا دورہ کیا اور تمام اسٹالز پر نرخوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حافظ محمدقاسم کاکڑ نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سستا بازار کے انعقاد کا مقصد عوام کو اس مہنگائی میں ریلیف پہنچانا ہے جس کے لیے انجمن تاجران کی بھی خصوصی تعاون حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سستے بازار میں عوام کے لئے ہر قسم کی چیزیں رکھی گئی ہیں اور عوام بھی سستے بازار سے خریداری میں مصروف عمل ہیں اور آئندہ بھی ہر اتوار کو سستا بازار کا انعقاد کرایا جائے گا۔