مر
ی ،19 نومبر(اے پی پی ): ہفتہ شان رحمت االلعالمینﷺ کے سلسلہ میں مری آرٹس کونسل کے زیر اہتمام قوالیوں پر مبنی پروگرام محفل سماع اور خطاطی نمائش کا انعقاد کیا گیا ،ان خوبصورت اور پر نور تقاریب میں سامعین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل سماع میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال عمران عزیز میاں اور ہمنوا نےحضورﷺ کی شان عظمت میں اپنا کلام پیش کر کے سامعین کے روح کو گرما دیا ۔
اس موقع پر آڈیٹوریم میں موجود شرکاء محفل نے خوب داد دی، خطاطی نمائش میں ملک کے نامور خطاط یونس رومی اور محمد وقاص کے مختلف قرآنی آیات پر مشتمل فن پارے رکھے گئے جن کو انتہائی خوبصورتی سے مزین کیا گیا۔
نمائش میں آنے والے مہمانوں اور شہریوں نے ان فن پاروں کی نمائش کو زبردست الفاظ میں سراہا اور قرآن کے ساتھ اپنی عقیدت اورجذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل سے جہاں روح کو تسکین ملتی ہے وہاں اس کتاب عظیم کے ساتھ دلچسپی بھی بڑھتی ہے۔ شرکاء نے محفل سماع اور خطاطی کی نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوۓ کہا کہ موجودہ حالات میں وقت کا تقاضا ہے کہ قرآنی تعلیمات اور حضورﷺ کے أسوہ حسنہ کو اجاگر کیا جاۓ، حکومت پنجاب کی طرف سے ہفتہ شان رحمت اللعامین منانا ایک احسن اقدام ہے۔