ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ ؛مظفر گڑھ میں  ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام محفل نعت کا  اہتمام

245

مظفر گڑھ، 17  نومبر    (اے پی پی ): پنجاب حکومت کی ہدایت پر ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام محفل نعت سردار کوڑے پبلک ہائر سیکنڈری سکول میں منعقد ہوئی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف سردار عون حمید ڈوگر،ممبر صوبائی اسمبلی تحریک انصاف سردار خرم سہیل لغاری اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران شمس محفل کے مہمان خصوصی تھے۔محفل نعت میں صحافیوں،شہریوں اور عاشقان رسولﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔محفل نعت میں شرکت کرنے والوں میں پرنسپل سردار کوڑے خان سکول رانا طاہر بشیر،تحصیلدارظفر مہاروی،ڈاکٹر امیر بخش ملک،رانا محمد افضل،طارق شریف شامل تھے۔

محفل میں قاری محمد اقبال سعیدی نے تلاوت قرآن حکیم کی سعادت حاصل کی۔محسن عباس و محمد نعمان نے دف پر اسمائے حسنہﷺ اور نعتیہ کلام پیش کر کے دلوں کو منور کیا۔ اس موقع پر حضور اکرم ؐ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کر نے والوں میں ارسلان سعیدی،احمد اعجاز اور خلیل احمد شامل تھے۔غلام اصغر غازی،حافظ فرحان،علی رضا،عتیق الرحمن اور طلال قاسم نے نعتیہ کلام سنایا ۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہفتہ شان رسالتﷺ منانے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہم آپﷺ کی سیرت کی پیروی کو اپنی زندگی کا اصل نصب العین بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آپ ﷺکی سیرت مبارکہ کائنات کے ہر فرد کیلئے مشعل راہ ہے۔آپ نہ صرف اس دنیا بلکہ تمام جہانوں اور تمام مخلوقات کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں۔آپ کی آمد سے دنیا سے تاریکی کے بادل چھٹ گئے اور رحمتوں کی بارش کا نزول ہوا۔