اسلام آباد،7دسمبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن خودمختار ادارہ ہے،کمیشن انتخابی فہرستوں میں جنس کی بنیاد پر تفریق کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔
ووٹر کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد پاکستان کے عوام کو انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شریک کرنے کے لئے آگاہی فراہم کرنا ہے۔یہ دن ملک میں ہونے والے پہلے عام انتخابات کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
چئیرمین الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن خودمختار ادارہ ہے جو انتخابی عمل میں ہرایک کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے قومی ووٹر ڈے منایا جا رہا ہے۔











