اٹلی پاکستان کو جنوبی ایشیا میں مضبوط شراکت دار کے طور پر دیکھ رہا ہے : اطالوی قونصل جنرل ڈانیلو جورڈ ینیلا

194

کراچی، 11دسمبر ( اے پی پی):پاکستان میں   تعینات اطالوی قونصل جنرل ڈانیلو جورڈ ینیلا نے کہا ہے کہ دنیا میں کروونا کے پھیلاو کے باوجود اٹلی اور پاکستان میں کے مابین تجارتی اقتصادی اور دفاعی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اطالوی قونصلیٹ کے تحت منعقد کیے جانے والے سالانہ اطالوی کھانوں کے عالمی ہفتہ کے دوران صحافیوں سے رسمی بات چیت کے دوران کیا ،انہوں نے اطالوی سرمایہ کاروں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اطالوی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے رواں سال اٹلی نے پاکستان میں 56 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو پچھلے ادوار کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے اٹلی نے پاکستان میں توانائی کے بڑے شعبوں کے علاوہ دواسازی ،کیمیکل ، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے ۔

واضح رہے کہ سالانہ اطالوی کھانوں کا عالمی ہفتہ کراچی میں 16 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں عالمی شہرت یافتہ اطالوی شیف مارکو سراکینو بھی شرکت کر رہے ہیں اور پاکستانی فوڈ بلاگرز اور شیف کے لیے تربیتی ورکشاپ بھی کریں گے۔