اپوزیشن ارکان کے استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی  میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

143

اسلام آباد۔29دسمبر  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان کے استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے، فضل الرحمان کیلئے آج صف ماتم بچھی ہے، سینیٹ الیکشن کے بعد عمران خان اور مضبوط ہونگے، اکثریت ملنے کے بعد اٹھارھویں ترمیم ختم اور سخت قانون سازی کریں گے، فوج کیخلاف بدزبانی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔  منگل کو یہاں پی ڈی ایم اور دیگر سیاسی معاملات پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کیلئے آج صف ماتم بچھی ہوئی ہے ، پیپلز پارٹی کے فیصلے کے بعد (ن)لیگ کو بھی الیکشن میں  حصہ لینا پڑے گا، پی ڈی ایم کے استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔شہبازشریف کے حوالہ سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ (ن) لیگ کا مسئلہ ہے مجھے اس بارے میں نہیں پتہ، آصف علی زرداری اپنے مفاد اور ذات کیلئے پتے اچھی طرح کھیلتا ہے ، عمران خان نے بہتر حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے، نئے سال میں عمران خان کا ڈنکا بجے گااور چھا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کیخلاف باتیں اور بدزبانی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی ،پی ڈی ایم روز بروز تنزلی کا شکار ہے ،عمران خان نہیں بلکہ پی ڈی ایم والے اب گھر جائیں  گے ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔