جبوتی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتا ہے: جبوتی پارلیمانی وفد

113

اسلام آباد، 30دسمبر ( اےپی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جبوتی براعظم افریقہ کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جبوتی سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور افریقی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے پاکستان نے افریقین پالیسی کی اس سال تجدید کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام کو پاکستان کا دورہ کرنے والے جبوتی کے پارلیمانی وفد کی افریقی یونین کے قائم مقام چیئرمین اور جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حاومید کی سربراہی میں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پارلیمانی تعلقات باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے   باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور  پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اسپیکر نے کہا کہ افریقی ممالک پاکستان کیلئے خصو صی اہمیت رکھتے ہیں اور پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو وسعت دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک میں سفارتخانوں اور مشن کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جبوتی بین الحکومتی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (IGAD)کا صدر مقام ہونے کی وجہ سے افریقی اور مشرقی افریقن کمیونٹی میں امن کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک  کے اراکین پارلیمنٹ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جبوتی کے مابین تجارتی حجم دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے تجارتی مواقع کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جبوتی کے ساتھ سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے جبوتی کے  پارلیمانی وفد کو کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے سفری مشکلات کے باوجود پاکستان کے دورہ کو ان کی پاکستان سے واضح محبت کا ثبوت قرار دیا۔انہوں نے جبوتی کے اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملہ کے استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان میں موجود پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹرین سروس کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ مسئلہ کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  گزشتہ 7 دہائیوں سے کشمیری عوام بھارت مظالم  کے خلاف سراپہ احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ  بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد کشمیر دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل بن چکی ہے جہاں پر کشمیری عوام پر انسانیت مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل تک کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

جبوتی کے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے وفد کے سربراہ محمد علی حاومید نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا جبوتی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعلقات کے فروغ کے لیے ان کے جذبات کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ جبوتی پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی، سیاسی اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے تجارتی اور اقتصادی مواقع کو دونوں ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے برائے کار لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک میں ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت عزت اور احترام ملا، اس پر پاکستانی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید وسعت لانے کے لیے سینٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعت  کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو جبوتی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا بہترین چاول پیدا ہوتا ہے جسے افریقی عوام بہت پسند کرتے ہیں۔محمد علی حاومید نے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبوتی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل کے کے اصولی موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔جبوتی کے وفد کے سربراہ محمد علی جاومید کا اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ جبوتی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔