لاہور، 2 دسمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے،عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں،فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے جاری ترقیاتی سکیموں ،تعلیم، صحت،پینے کے صاف پانی،سیوریج کی سکیموں اور سڑکوں کی تعمیر کو خود ریویو کیا۔اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مرمت،ہاؤسنگ،بلڈنگزاورشہروں کی بیوٹیفیکیشن کی سکیموں اور ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی پیکیج پر پیشرفت پر بھی تفصیلی غور کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ فلاح عامہ کی ہر سکیم کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہوگی،ترقیاتی منصوبوں میں معیارکو ہر صورت یقینی بنایا جائے،عوامی شکایات کی انکوائری ہوگی اور ذمہ دارافسروں کوسزا ملے گی،قومی وسائل کے امین ہیں، خیانت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں کے لئے جاری فنڈز کو بروقت استعمال کیا جائے،منصوبوں میں بلا جواز تاخیر کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں،منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے افسران دفاتر سے باہر نکلیں اور فیلڈ میں جا کر خود جائزہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیاں کرنے والے افسروں اور عملے کے خلاف وزیراعلیٰ شکایت سیل انکوائری کرے گا،فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے، جہاں ضروری ہو وہاں پر ڈبل شفٹ میں کام کر کے منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ زرعی مشینری و آلات کے استعمال کے بارے میں شکایات پر کارروائی ہوگی،ڈیرہ غازی خان میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کی جائیں،جنوبی پنجاب کے بڑے شہروں میں سیوریج کے نظام کو مستقل طورپر درست کیا جائے گا،جنوبی پنجاب میں مزید لنگر خانے کھولے جائیں گے،کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی علاقے میں ترقی کے حوالے سے منصوبہ بندی کر کے حتمی پلان پیش کرے،جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے، صوبہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دورشروع ہوچکا ہے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔