اوکاڑہ۔19دسمبر (اےپی پی): وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کے احکامات کی روشنی میں لوگوں کے سرکاری دفاتر سے متعلقہ مسائل وشکایات کےفوری حل اور عوام کو ریڈ ٹیپ ازم سے نجات دلوانے کے لئے بھرپور کوشش کی جار ہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ساہیو ال نادر چٹھہ،آر پی او طارق عباس قریشی ، ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان اور ڈی پی او فیصل شہزاد نے حجرہ شاہ مقیم اور دیپالپور میں کھلی کچہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تما م ضلعی محکموں کے سربراہان اور نمائندگان بھی موجود تھے۔
کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ اور آر پی او طارق عباس قریشی نے کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والی درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ عوامی شکایات کے ازالہ اوردفاتر میں سرکاری ملازمین کی بر وقت حاضری سمیت سائلین کی درخواستوں پرمقررہ وقت میں عملدر آمد کے سلسلہ میں آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔میرٹ کے نفاذ کے لئے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔
کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ نے میونسپل کمیٹی حجرہ شاہ مقیم کے ہیڈ کلرک گلزاراحمد کو معطل کردیا۔آر پی او ساہیوال نے کرونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ماسک پہننے کی بھی تلقین کی۔