ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  کی میڈیا کے نمائندگان سے بات چیت

161

سیالکوٹ،19دسمبر(اے پی پی) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں قانونگوئی سطح پر قائم 115اراضی ریکارڈ سینٹر ز،سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سینٹر اور20موبائل اراضی سینٹرز کا قیام عمل میں لا کر دیہی علاقوں میں بسنے والی عوام کو شہریوں کے مساوی سہولیات کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت نے دس برس بعد جمع بندی کی پرنٹنگ اور اپ گریڈنگ کے کام کا آغاز کرنے ، 100تحصیلوں میں رجسٹری کے نظام کی کمپیوٹرائزیشن کے علاوہ بورڈآف ریونیو پنجاب اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین ڈیٹا شیئرنگ کیلئے معاہدہ کیا ہے جس سے محکمہ مال کے متعلق شہریوں  کےمسائل اور شکایات کا ازالہ ممکن ہوگا۔یہ بات انہوں نے کوبے چک میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹر کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قرضوں کے حصول کے لئے فرد کے اجراءاور کسانوں کے لئے بینک کی سطح پر اراضی انتقال کا عمل آسان ترین (ون ونڈو آپریشن) بنا دیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں 23 بینکوں کو ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ تک رسائی فراہم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ مال کے تحت جاری اقدامات میں E-stamping کا منصوبہ جہاں جعلی اشٹام پیپر کو چیک کرنے میں مدد گار ثابت ہوا ہے وہیں پرسٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں 80% زائد آمدنی کاسبب بھی بنا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ پراپرٹی رجسٹریشن پراجیکٹ محکمہ مال کا احسن اقدام ہے۔ پنجاب میں ویب سائٹ www.punjabzameen.gov.pk پر آن لائن فرد کااجراء کیا جار ہا ہے اور اسی طرح Mutation Fee کی ادائیگی بذریعہ اینڈ رائیڈ ایپلیکشنE-pay کو متعارف کروایا جار ہا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عثمان بزدار کی دو سالہ دورِ حکومت کے دوران ایک لاکھ40ہزار ایکڑ سے زائد اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی ، واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت ایک ہزار ارب روپے سے زائد ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی محکمہ مال کے مستقبل کے پروجیکٹس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے 4 ممالک (امریکہ،برطانیہ،سعودی عرب،اور متحدہ عرب امارات)کے 14 سفارت خانوں میں خصوصی کاؤنٹر متعارف کروائے جار ہے ہیں جس سے وہ پاکستان آئے بغیر اپنی جائیداد سے متعلق مصدقہ کاغذات حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعت کے پہیہ کو گھومانے کیلئے پنجاب بھر میں دس ہزار ایکڑ زمین پر 9 انڈسٹریل زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے بیرونی سرمایہ کاری اور ملازمتوں کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے مینول لینڈ ریکارڈز اور نقشوں کو ڈیجیٹائزڈ کرنے اوربیرون ملک میقم پاکستانیوں کوسفارت خانوں کے ذریعے زمین کے ریکارڈ زمہیا کر نے کے لئے آن لائن سافٹ وئیر پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ روائتی پٹوارسسٹم کا خاتمہ کر کے پٹواری کو ”ویلیج آفیسر“ کے طور پر متعارف کروایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹاف کی تربیت کیلئے لاہور میں ریونیو اکیڈمی قائم کی جاری ہے۔