حکومت نے آلودگی پھیلانے والے بھٹوں کی مستقل بندش کا واضح حکم دیا ہے؛ڈپٹی کمشنر ملتان

89

ملتان، 24دسمبر(اے پی پی): آلودگی پھیلانے والے روائتی بھٹوں کے مالکان ہو جائیں ہوشیار ،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے پرانے طرزکے بھٹے چلانے والے مالکان کو  پھر جیل بھیجنے کا الٹی میٹم دے دیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھٹہ یونین کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔

بھٹوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ  حکومت نے آلودگی پھیلانے والے بھٹوں کی مستقل بندش کا واضح حکم دیا ہے،صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں کو چلنے کی اجازت حاصل ہے۔انہوں  نے کہا میری خواہش ہے کہ مزدور بے روزگار نہ ہوں اور آلودگی کا بھی سدباب ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں محکمہ ماحولیات کے افسران سےاستفسار کرتے ہوئے کہا کہ روائتی بھٹوں کی بندش بارے مہم شروع کرنے میں تاخیر کیوں کی گئی ہے۔انہوں نے تمام  اسسٹنٹ کمشنرز کو روائتی بھٹہ مالکان کو طلب کرکے واضح پیغام دینے کا حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھٹہ مالکان کو ورغلانے اور مس گائیڈ کرنے والے عناصر کو روکا جائے۔

دوسری جانب شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے اے سیز محمد زبیر اور مدثرممتاز  نے بھٹہ مالکان کے اجلاس بھی طلب کر لئے۔ اے سیز نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ روائتی بھٹے چلانے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کر نا پڑے گا،تمام پرانے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی۔

بھٹہ مالکان نے تمام بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحصیل شجاع آباد میں20 بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کا کام جاری ہے، جلالپور پیروالا میں15 بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کئے جارہے ہیں۔