حیات آباد میں دو پبلک لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا: کامران بنگش

82

پشاور، 15دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ پشاور کے ترقیاتی پروجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل کے ضمن میں حیات آباد میں دو لائبریریوں کا قیام بہت جلد عمل میں لایا جائے گا۔  مدینہ کالونی کو گیس کی رسائی اور دستیابی مزید بہتر بنانے کیلئے اس کو مین گیس پائپ لائن سے رواں ہفتے کنیکٹ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ سے پی کے 77 کے مسائل کے حل بارے ہونے والی خصوصی نشست کے بعد اپنے ایک بیان میں کیا۔ ملاقات میں پشاور کے ترقیاتی پروجیکٹس کی بروقت تکمیل اور مسائل پر عمومی جبکہ پی کے 77 کے حل طلب مسائل پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں سوئی گیس حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران حیات آباد میں  دو پبلک لائبریریوں کے قیام پر بات چیت ہوئی جس پر ڈی جی پی ڈی اے نے بتایا کہ  حیات آباد میں پہلے سے فیز ون اور فور میں دو لائبریریوں کیلئے جگہیں مختص ہیں۔ معاون خصوصی نے محکمہ اعلٰی تعلیم کے انتظامی توسط سے ان لائبریریوں کو فعال بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان  پبلک لائبریریوں کو کمیونٹی سنٹرز کے طور پر فعال کیا جائے گا جس سے عوام میں کتاب پڑھنے کی دلچسپی کو فروغ ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کے پوش علاقوں میں پبلک لائبریریوں کے قیام پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہیں تاکہ کتب بینی کی عادت کو عام کیا جاسکے۔ معاون خصوصی نے پی کے 77 کے دیرینہ مسلے مدینہ کالونی تک گیس کی سپلائی مزید بہتر بنانے بارے کہا کہ رواں ہفتے مین گیس پائپ لائن سے مدینہ کالونی کو کنیکٹ کیا جائے گا جس کیلئے پی ڈی اے اسی ہفتے محکمہ سوئی گیس کو این او سی جاری کرے گا اور انشاء اللہ دو دن کے اندر اندر علاقے میں گیس کا مسلہ حل ہوجائے گا۔ عوامی مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے کامران بنگش نے بتایا کہ  کمبوہ اور جمیل چوک میں پیدل سڑک کراس کرنے والوں کیلئے اوور ہیڈ بریجز کے قیام پر  پی ڈی اے حکام سے بات کی ہے جس پر انہوں نے اس مقصد کیلئے اقدامات اُٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔