لاہور،19 دسمبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ریاست مدینہ اس قوم کا مستقبل ہے قوم سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کر یں گے، ہمیں لوگ ریاست مدینہ کے طعنے دیتے ہیں ہمیں وقت دیں سب کچھ بہتر ہوگا، لاہور اور ملتان میں جو جلسوں کے ڈرامے ہوئے ہیں اس سے وزیر اعظم عمران خان کہیں جانے والا نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیتھڈرل چرچ میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے یہ کرسمس دنیا میں امن اور خوشحالی کی نوید کے ساتھ آئے ،آئین کے تحت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس کے حوالے سے اس تقریب میں آج ہم سب مل کر بیٹھے ہیں یہ نفرتیں مٹانے کا طریقہ ہے، پاکستان اس خطے میں مذہبی آزادی کے حوالے سے سب سے بہترین ملک ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہبی اجتماعات میں زیادہ لوگوں کو جمع نہ کیا جائے، کرسمس تقریبات میں ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے ،مذہبی ہم آہنگی ہماری نسلوں کی کامیابی کی ضامن ہے ۔
ہندو رہنما منوہر چاند نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہم سب ایک ہیں کرسمس کی اس تقریب میں ہم سب مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شرکت کے لئے یہاں موجود ہیں ۔
سردار بشن سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں سارے مذاہب اپنے اپنے تہوار مذہبی آزادی سے مناتے ہیں، آج اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں کے لئے تو یہ دھرتی مقدس ہے پاکستان میں تمام اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
تقریب سے خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد ،صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین ،مولانا عاصم ، ڈاکٹر منور چاند،شنیلا روتھ سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا ۔