سندھ کو توڑنے اور عوام میں تفرقہ پھیلانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ؛ گورنر  عمران اسماعیل

122

کراچی ،6دسمبر  (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج صوبہ کے لوگ بلا تفریق دھرتی ماں کی ثقافت کے دن ایک ہوکر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کررہے ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالی یہ منظر اور سماں ہر وقت قائم و دائم رکھے تاکہ ہم سب مل کر اپنی دھرتی ماں کی خوب سے خوب تر آبیاری کرسکیں، سندھ کو توڑنے اور عوام میں تفرقہ پھیلانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاس میں سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام میں اراکین سندھ اسمبلی، عمائدین شہر اور اعلی حکام بھی شریک تھے ۔اس موقع پر معروف لوک فنکاروں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی اور دیگر صوفیائے کرام کے کلام سے شرکاکو محظوظ کیا ۔

 گورنرسندھ نے  کہا کہ سندھ دھرتی پر ہم نے جنم لیا اور ہماری قبریں بھی اس دھرتی ماں کی کوکھ میں ہوں گی ،ہمارے ذاتی ، سیاسی اختلاف ہو سکتے ہیں لیکن سندھ دھرتی پر ہم سب ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے یہی ہمارا وژن اور اپنی دھرتی سے محبت کا عکاس بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے بیٹے ہیں اور صوبہ کی ترقی کے لئے اپنی ہر ممکن صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے تاکہ صوبہ کے باسیوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر خیبر تک سندھ دھرتی سے پیار کرنے والوں کا ہجوم ہی ہجوم نظر آرہا ہے ہر ایک اپنے اپنے پلیٹ فارم پر اپنی دھرتی ماں سے محبت کا بڑھ چڑھ کر اظہار کررہا ہے جو کہ خوش آئند اور قابل فخر جذبہ بھی ہے اسی وژن کے ساتھ ہمیں اس دھرتی کے باسیوں کا معیار زندگی بدلنے اور انھیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنے اپنے حصہ کا کام کرنا ہوگا ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت صوبہ آنے والوں کو جس جذبہ سے سندھ کے لوگوں نے گلے لگایا وہ ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں ،آج سندھ میں رہنے والا ہر فرد سندھی ہے ، سندھ کو توڑنے اور عوام میں تفرقہ پھیلانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ہے ،سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا ، سندھ کا ہر باسی سندھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی سندھ دھرتی کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں ، وزیراعظم نے ہی صوبہ کے سب سے بڑے شہر کے لئے ایک تاریخی پیکج دیا ،اسی طرح صوبہ کے دیگر شہروں کی ترقی کے لئے بھی مزید پیکج دیں گے تاکہ صوبہ کے عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرکے ان کامعیار زندگی بدلا جا سکے ، خصوصا حیدرآباد اور سکھر کے شہروں کی حالت بہت جلد بدلنے جارہی ہے کیونکہ وزیراعظم پاکستان ہر قسم کی تفریق ختم کرکے ملک کے تمام شہریوں کو ایک جھنڈے تلے جمع اور متحد کرنا چاہتے ہیں ۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ سندھ کا ہے اور سندھ کا ہی رہے گا ، جزیرہ منصوبہ پر صوبائی اور وفاقی حکومت میں ہم آہنگی قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جزیرہ صوبہ کی خوشحالی کا ضامن ہے اس جزیرہ پر انڈسٹریز ، فشنگ پلانٹس اور دیگر منصوبے بنائے جائیں گے جس سے صوبہ کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا اس 8ہزار ایکڑ جزیرہ پر 50 ارب ڈالرز سے زائد براہ راست سرمایہ کاری بھی متوقع ہے ، اس جزیرہ کا محل وقوع اس قدر پر کشش ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ بھی یقینی ہے ، اس جزیرہ کی ترقی کے بعد عوام دبئی کو بھول جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے 8 سو ایکڑ رقبہ کے جزیرہ پر 14 ارب ڈالر ز کی سرمایہ کاری ہو ئی ہے جبکہ صوبہ کے جزیرہ اس سے کہیں زیادہ بڑا اور پر کشش مقام پر واقع ہے ۔

گورنرسندھ نے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آج کے پروگرام کو مختصر رکھا جارہاہے ۔ پروگرام سے سیف اللہ نیازی ، رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔