سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی اورصوبائی وزیرصحت تیمورجھگڑا نے ایبٹ آباد میں صحت کارڈ پلس کا اجرا کردیا

70

ایبٹ آباد،یکم  دسمبر  (اے پی پی):حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ صحت کارڈ پلس سکیم کادائرہ زون 2 تک وسیع کردیا گیا۔ایبٹ آباد میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی،صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا و مشیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے زون2 کے لئے صحت کارڈ پلس کا باقاعدہ اجراء کردیا۔زون 2 میں شامل اضلاع شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، تور غر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے 60 لاکھ سے زائد افراد اب حاصل کرسکیں گے صحت کی مفت سہولیات۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، ارشد ایوب، نذیر عباسی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی اصغر خان بھی موجود تھے۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ صحت کارڈ کا اجراء کوئی چھوٹا کام نہیں۔اس سے پورے صوبے کے غریب اور متوسط طبقے کو فائدہ پہنچے گا۔ہمیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ اپوزیشن اس سکیم کے خلاف کیا پروپیگنڈا کرتی ہے۔انہوں نے  کہا کہ ہمیں بلین ٹری سونامی اور بی آر ٹی پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا مگر ہم نے ایک ارب درخت پورے صوبے میں لگائے اور بی آر ٹی بھی سڑکوں پر روان دواں ہے جو روز ہزاروں لوگوں کو کم خرچ اور کم وقت میں اپنی منزل مقصود تک پہنچاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے جہاں غریب آدمی کے لئے پناہ گاہیں اور لنگر خانے کھولے وہاں ان کو صحت کی مفت سہولیات کا بھی بیڑا اٹھایا جو آج تک جمہوریت کے نام نہاد ٹھیکے دار نہیں کرسکے۔