صوابی ،1دسمبر (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے منگل کوضلع صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروں کا دورہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سپیکر نے اس ناخوشگوار واقعے میں جان بحق ہونے والے افراد کے ورثاسے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
سپیکر نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے اس واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےسپیکراسد قیصر نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس قسم کے تنازعات کا حل باہمی بات چیت سے حل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قوانین کا احترام ہم سب پر لازم ہے اور اسی میں ہماری بقا اور سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان انتہائی قیمتی ہے اور اس واقعے کا سن کر مجھے دلی طور پر صدمہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی مکمل تفتیش کے لیے صوبائی حکومت اقدامات اٹھا رہی ۔انہوں نے لواحقین کو صبر و تحمل سے کام لینے اور جرگے اور باہمی گفتگو و شنید سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کہا۔ سپیکر نے اس ناخوشگوار واقعے میں جان بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے فائرنگ کے اس واقعے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔