صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کی مریم صفدر کیجانب سے  وزیراعظم  کی ذاتی زندگی سے متعلق بیانات کی مذمت

82

لاہور، یکم دسمبر(اے پی پی): وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےبیگم صفدر اعوان کے ملتان جلسے میں دیئے گئے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گزشتہ روز بیگم صفدر اعوان نے آل شریف اور اپنے والد کی ذاتیات کی سیاسی روایات کو پھر سے زندہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی ذاتی زندگی اور انکی والدہ سے  متعلق انتہائی گھٹیا اور چھوٹی باتیں کیں۔وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کی والدہ، خاتون اول یا کسی بزرگ کے متعلق کبھی کوئی بیانات نہیں دیئے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کی جانب سے وزیراعظم کی والدہ کی وفات کے حوالے سے نامناسب ریمارکس قابل مذمت ہیں،سب جانتے ہیں عمران خان نے اپنی والدہ کی محبت میں اربوں کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب شریف خاندان نے اپنی والدہ کی وفات پر جو کیا، اس پر کسی تبصرے کی ضرورت نہیں،بیگم صفدر اعوان سیاست میں انتہائی نقصان دہ روایات ڈال رہی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مخالفین  ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر ہرزہ سرائی کریں گے تو بیگم صفدر اعوان کی ذاتی زندگی بھی اسکی لپیٹ میں آئے گی۔

 انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات شریف خاندان کا حسب، نسب، نسل ہی گوارا کر سکتا ہے۔بیگم صفدر اعوان شیشے کے محل میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر پھینکنے سے گریز کریں تو بہتر ہے۔