پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیمپلنگ طریقہ کار میں تبدیلی، ٹیمیں اب سیمپل کیلئے نمونے مفت نہیں اٹھائے گی

153

لاہور ، 01دسمبر  (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کےسیمپلنگ طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کر دی گئی۔  اب سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کسی بھی جگہ سے سیمپل کے لیے نمونے مفت نہیں اٹھائے گی۔

اس حوالے سے  ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں تمام سیمپل کی قیمت ادا کر کے خریدیں گی، سالانہ سیمپلنگ شیڈول کے مطابق بازار میں موجود تمام اشیاء خورونوش کی سال میں 3 سے4 دفعہ سیمپلنگ کی جاتی ہے، اس سے پہلے انڈسڑی مالکان اپنی مرضی سے مفت ٹیسٹنگ کے نمونے دیتے تھے،بازار سے خریدے گئے سیمپل سے ٹیسٹ نتائج مزید بہتر کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنیکل ونگ کے اجلاس کے دوران مفت نمونے لینے کا مسئلہ سامنے آیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی جگہ سے نمونے حاصل کرنے کے لیے ان کی پوری قیمت ادا کی جائے گی،ہر سال بڑی تعداد میں مفت سیمپل حاصل کرنے کی صورت میں دوکانداروں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے، خوراک کے معیار کو قائم رکھنے کے لیے کمپنیوں یا مارکیٹ سے لیباٹری ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کیے جاتے ہیں، محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ بزنس آپریٹرکی مکمل رہنمائی کرتی ہے۔