سیالکوٹ،6دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم بی بی کے اعلان سے پی ڈی ایم کا کائونٹ ڈائون شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر جائے گا، ملکی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا اصل ٹھکانہ جیل ہے جو باری باری اپنے مقدمات کے فیصلے سن کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
سیالکوٹ میں سیال ایئر لائنز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے معصوم عوام کو جلسے جلوس منعقد کرکے کرونا کی بھینٹ چڑھا رہی ہے اور ا س مقصد کے لئے لاہور میں 13 دسمبر کا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں آج 662 کررونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور کوروناسے اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن نے وزیراعظم پاکستان کو چیلنج کرنا ہے تو کارکردگی کے حوالے سے چیلنج کریں آج سوشل میڈیا کے نام پر لاہور میں جو رنگ بازی کی گئی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ذات کو ٹارگٹ کیا گیا یہ اپوزیشن کی جہالت اور کم ظرفی کے سوا کچھ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ راجکماری جمہوری اور آئینی طور پر ایک منتخب وزیراعظم کو چیلنج کر رہی ہے ،جلسے جلوسوں اور گیدڑ بھبکیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کرونا کے لیے ہسپتال قائم کر رہے ہیں وینٹی لیٹرزاور بیڈز بحال کر رہے ہیں دوسری طرف اپوزیشن کرونا کے پھیلانے کا موجب بن رہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی یہ اعلی کارکردگی ہے کہ کورونا وبا ءکی سنگین ترین صورتحال کے باوجود ملک ہر شعبے میں ترقی کر رہا ہے معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور حکومت نے صنعتکاروں تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیال ایئرلائن کا اجرا پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دے کر معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کر رہی ہے لیکن اپوزیشن انتشار پھیلانے اور فساد برپا کرنے کے درپے ہے۔