مشرق وسطیٰ جانےوالے تمام محنت کشوں کو  یکم جنوری سے 10 سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائےگا: شیخ رشید احمد

73

اسلام آباد،24دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے مشرق وسطیٰ جانےوالے تمام محنت کشوں کو پانچ کے بجائے دس سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائےگا، چندماہ میں نیا اور جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کا آغاز کردیں گے،  ای سروس فوری شروع کی جائے گی جبکہ 120 دن کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کااجرا بھی کر دیاجائے گا۔

  ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دورے اور بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی ایل اور بلیک لسٹ کو محدود کیا جائے گا۔

 وزیرداخلہ نے کہا کہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے کئی افسر سالوں سے باہر کے ملکوں میں بیٹھے ہیں ، انہیں واپس لایا جائےگا۔ اس سلسلہ میں احکامات دے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ جانے والے محنت کشوں کو پاسپورٹ اور ویزے کی معیاد ختم ہونےکی وجہ سے بہت مشکلات پیش آتی ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تین ہزار فیس میں ہی انہیں 10 سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائے گا تاکہ انہیں بار بار پاسپورٹ کی تجدید کےلئے چکر نہ لگانے پڑیں۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ 28 اپریل سے نیا اور جدید  ای پاسپورٹ لانچ کرنے جا رہے ہیں جس میں سارا ڈیٹا ہو گا۔ اس سے پاکستانی پاسپورٹ کی قدر بڑھے گی۔ یکم جنوری سے دنیا بھر کے 191 ملکوں  میں ای سروس شروع کررہے ہیں۔ آج سے ایس ایم ایس سروس کا آغازکیاجا رہا ہے تاکہ پاسپورٹ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے ہی خبردار کر دیا جائے اور شہری بروقت پاسپورٹ کی تجدید کراسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن پاسپورٹ سروس میں تھوڑا وقت لگے گا ۔ اس سلسلہ میں اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 120 دنوں کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کااجراکریں گے جس کے ذریعے ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیاجا سکے گا۔ پاسپورٹس کی ہوم ڈلیوری اسلام آباد میں کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی میں بھی اسے فوری طور پر شروع کیاجائےگا۔

 وفاقی وزیر نے خبر دار کیا کہ سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے 7 دن کے اندر یہ سلسلہ بند کر دیں ، ورنہ ان کے پمپ بند کردیئے جائیں گے۔

  ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہدری پرکام کرنے والے چینی شہریوں کو ویزوں کے اجرا کے لئے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ ای سی ایل کے حوالے سے سوال پر  ان کا کہنا تھا  کہ کابینہ نے میری سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنائی ہے ، اس وقت ایف آئی اے کی بلیک لسٹ میں 66 ہزار اور امیگریشن اور پاسپورٹ کی لسٹ میں 44 ہزار نام موجود ہیں۔ میں نے ہدایت کی ہے کہ اس فہرست کو محدود کیاجائے اور صرف سنگین جرائم اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو اس فہرست میں رکھیں، باقی نام نکال دیئے جائیں۔

 انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی معاشی صورتحال خراب ہے کیونکہ 6 ، 6 ارب کے بجائے 2،2 ارب کا بجٹ ملا۔ ان کی صورتحال کو بہتر بنائیں گے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے لئے بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میرا سیاسی تجزیہ ہے کہ ابھی پی ڈی ایم استعفوں کی طرف نہیں جائے گی اور اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی۔پیپلزپارٹی  نے  اس لئے ضمنی الیکشن کے لئے درخواست دی ہے ۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے، وہ ناراض نہیں ہو گی۔ آئندہ دنوں میں کراچی جاؤں گا تو نائن زیرو بھی جاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویزہ آن آرائیول وزیراعظم کی ہدایت ہے،اس سلسلہ میں کام کر رہے ہیں۔